اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین میں لاک ڈاؤن کے دوران نوجوانوں نے فوڈ سپلائی بحال رکھی، نوجوان ہنگامی حالات میں مدد کے لئے تیار رہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو افرا تفری کی صورت حال سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات ضروری ہیں، امید ہیے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس پر کام شروع کر دیا، 31 مارچ سے 10 اپریل تک ملک بھر سے رضاکاروں کی رجسٹریشن سیٹیزن پورٹل پر ہوگی۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے اس حوالے سے کہا ہے ٹائیگر فورس مکمل لاک ڈاؤن یا کرفیو کی صورت میں کام کرے گی، نوجوان ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی اور فوڈ چین بحال رکھیں گے، نوجوان رضاکار ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کر سکیں گے۔
عثمان ڈار نے کہا تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کی جائے گی، رضا کار فورس قرنطینیہ میں رکھے گئے افراد کی پہرا داری کا کام بھی کرے گی، نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔