وزیراعظم عمران خان حالات کی سنگینی کو سمجھیں، سیاست بعد میں کریں: مریم اورنگزیب

Last Updated On 27 March,2020 11:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سرحدوں پر کورونا کی ٹیسٹنگ سکریننگ کا بندوبست کر نہیں سکے اور سیاست پر زور دے رہے ہیں۔ عمران صاحب تفتان سرحد پر زائرین کے ساتھ جو بھیڑ بکریوں والا سلوک ہوا اُس کا جواب دیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بدترین ناکامیوں کا ملبہ نواز شریف اور شہباز شریف پر ڈالنے سے اب کام نہیں چلے گا۔ دونوں کے بنائے گئے ہسپتالوں اور منصوبوں پر آپ اپنے نام کی تختیاں لگا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک عمران خان کے دماغ سے سیاسی انتقام کا وائرس نہیں نکلے گا، وہ کورونا کا مقابلہ کیسے کریں گے۔ قوم کورونا، کورونا کر رہی ہے لیکن آپ کا رونا ہی ختم نہیں ہو رہا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران صاحب بتائیں خیبر پختونخوا میں سات سال میں کتنے ہسپتال بنائے؟ نواز شریف اور شہباز شریف نے الحمدللہ بالخصوص پنجاب کے ہر ضلعے، شہر میں ہسپتال بنائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمانی میٹنگ سے اس دن نہ بھاگتے اور پوچھ لیتے کہ کتنے ہسپتال بنائے؟ انھیں اس کا جواب مل جاتا۔ یہ قوم کی جان بچانے کا وقت ہے، سیاست کا نہیں۔ حالات کی سنگینی، شدت اور سنجیدگی کو سمجھیں، عوام جس مشکل میں ہے اُس کو سمجھیں، سیاست بعد میں کریں۔