لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کچھ دیر بعد نیب لاہور آفس میں پیش ہوں گے، نیب نے لیگی رہنما سے وراثتی جائیداد، بیرون ملک اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
خیال رہے گزشتہ روز نیب نے اپنے اعلامیے میں کہا قومی احتساب بیورو لاہور میں سابق وزیرِ اعلی پنجاب شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں جاری تحقیقات کے حوالے سے انہیں 17 اپریل کو ذاتی حیثیت میں نیب انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ نیب لاہور کو مذکورہ کیس منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے شہباز شریف سے مفصل و جامع جوابات درکار ہیں کیونکہ ان کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں تاہم قومی ادارے کو انکی جانب سے تحقیقات میں تاحال عدم تعاون کا سامنا ہے۔