لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو دوبارہ طلب کر لیا، انہیں 22 اپریل کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کو 17 اپریل کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
صدر مسلم لیگ ن اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب میں پیشی کا دوبارہ بلاوا آ گیا، ان کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ کورونا وباء کے پیش نظر مکمل حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ نیب کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، شہباز شریف سے سوالات کے جواب لینا انتہائی ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کو 17 اپریل کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے، عدم پیشی کا سبب کورونا لاک ڈاون اور وائرس میں مبتلا ہو جانے کا خدشہ بتایا گیا تھا۔