چئیرمین نیب نے اکرم درانی کے خلاف جاری کردہ وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے

Last Updated On 07 April,2020 01:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے وزارت ہاؤسنگ میں غیر قانونی بھرتیوں اور سرکاری گھروں کی الاٹمنٹس سے متعلق نیب انکوائری میں سابق وفاقی وزیر اکرم درانی کے وارنٹ گرفتاری واپس لیتے ہوئے انکوائری افسر کی تبدیلی کا حکم دیا ہے اور معاملے کی از سر نو انکوائری کی ہدایات جاری کی ہیں۔

 

نیب نے سپیشل پراسیکیوٹر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے 30 جنوری کو اکرم درانی کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا پر نظرثانی کے لیے معاملہ چیئرمین نیب کو بھجوایا تھا۔ چیئرمین نیب کی طرف سے رائے طلب کرنے پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے تجویز دی کہ معاملے پر دوبارہ غور کی ضرورت ہے، فی الحال وارنٹ گرفتاری واپس لے کر از سر نو انکوائری کرائی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے اکرم خان درانی کے وارنٹ گرفتاری واپس لے لیے ہیں، انکوائری افسر بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور سابق وفاقی وزیر کے خلاف وزارت ہاؤسنگ میں بھرتیوں اور سرکاری گھروں کی الاٹمنٹس کی از سر انکوائری کا حکم دیا گیا ہے جس کے بعد اکرم درانی کی درخواست ضمانت غیر موثر ہو گئی ہے اس لیے اسے خارج یا نمٹا دیا جائے۔