اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ضمانت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پراسیکیوٹر جنرل نیب، ڈی جی نیب آپریشنز، ڈی جی نیب راولپنڈی نے شرکت۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نارووال سپورٹس کمپلیکس کیس میں احسن اقبال اور ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے لیگی رہنماؤں کو ایک، ایک کروڑ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کبھی انکوائری پر گرفتار کرتے ہیں اور کہیں ریفرنس کے بعد بھی نہیں پکڑتے ؟ مقدمہ ثابت ہونے تک ملزم بے گناہ ہوتا ہے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ملزم کی گرفتاری کا نیب اختیار شہری کو آئینی حقوق سے محروم نہیں کرسکتا، اگر درخواست گزار معاونت جاری رکھتے ہیں تو گرفتار کیوں کر رہے ہیں، دونوں ملزمان کو ابھی تک معصوم کہا جاسکتا ہے ؟ غیرضروری گرفتاری کی وجہ پر عدالت کو مطمئن کریں۔
احسن اقبال کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نیب گرفتار کرتا، پلی بارگین کیلئے 10 کروڑ روپے مانگتا اور چھوڑ دیتا ہے، بظاہر نیب اغواء برائے تاوان کیلئے لوگوں اٹھاتا ہے جس پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا پلی بارگین دنیا بھر میں ہے، ملک میں کرپشن بھی تو ہے، نیب عدالت نہیں، صرف تحقیقاتی ادارہ ہے۔
نیب پراسیکیوٹر بولے نیب صرف شکایت پر بھی گرفتار کر سکتا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ کیا محض شکایت پر بھی گرفتارکرتے ہیں ؟ کریمنل کیس میں ریکوری کرنی ہوتی ہے، نیب پراسیکوٹر نے احسن اقبال پر چار الزمات کی وضاحت کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ الزامات میں کہیں کریمنل نیت یا مالی فائدہ لینے کا ذکر تک نہیں، ٹرائل میں جرم ثابت کر کے ملزمان کو 16 سال قید کی سزا دلوائیں غلطی پر بھی کرپشن کیس بنے گا تو گورننس کا پورا نظام رک جائے گا ؟۔
عدالت نے استفسار کیا احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیوں کیا گیا ؟ تفتیش مکمل ہے تو احسن اقبال اور شاہد خاقان کو مزید جیل میں کیوں رکھا جائے ؟ احسن اقبال، شاہد خاقان کو ووٹ ملے، انہیں نمائندگی سے کیسے محروم کیا جاسکتا ہے ؟ جن ووٹرز نے احسن اقبال، شاہد خاقان کو ووٹ دیا ان کو کس بات کی سزا ہے ؟ پ کسی کو غیر ضروری گرفتار نہیں کر سکتے، غیر ضروری گرفتاری دراصل اختیارات کا غلط استعمال ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو نے ایک ملزم وفاقی سیکرٹری کو دوسرے سیکرٹری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا، عدالت نے احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کی ضمانت مںظورکرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔