نیب کی کارکردگی، گزشتہ سال بدعنوان عناصر سے 178 ارب روپے برآمد

Last Updated On 10 February,2020 07:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ سال بدعنوان عناصر سے 178 ارب روپے برآمد کئے، 944 ارب روپے مالیت کے 600 ریفرنسز عدالتوں میں دائر ہیں۔

چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت نیب کی کارکردگی سے متعلق اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو نیب کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2019ء میں نیب کو 51591 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 46123 شکایات کو قانون کےمطابق نمٹایا گیا۔ 2019ء میں 574 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جبکہ 658 انکوائریاں مکمل کی گئیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 2019ء میں 221 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی، 217 پر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی جبکہ بدعنوان عناصر سے 178 ارب روپے برآمد کیے گئے۔

اس کے علاوہ 600 ریفرنسز عدالتوں میں دائر ہیں اور احتساب عدالتوں میں 944 ارب روپے بدعنوانی کے 1275 ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔

چیئرمین جاوید اقبال کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اور قوم کی لوٹی رقم واپس لانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔
 

Advertisement