اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کرپشن مقدمات کی موثر تحقیقات کے لیے ایکریڈیشن کونسل کے قیام کی تجویز دے دی۔
چئیرمین نیب نے کہا ہے کہ کونسل کے قیام کا مقصد عصر حاضر کی ٹیکنالوجی سے تفتیش کاروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔ کونسل کے تحت سرکاری اور نجی شعبے کے تفتیش کارروں کو تفتیش میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسران کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ایکریڈیشن کونسل کا ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے۔ کونسل تفتیشی افسران کی تربیت کے علاوہ ان کے امور کی نگرانی بھی کر سکتی ہے۔
جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان میں تفتیش کا شعبہ بھی کرپشن سے متاثر رہا ہے اور اس سے ریاست پر شہریوں کا اعتماد کم ہوا ہے۔ قومی سطح پر قانون سازی سے اس شعبے میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔