وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آ گیا، ذاتی معالج کی تصدیق

Last Updated On 22 April,2020 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ وزیراعظم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز براہ راست پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بحیثیت ذمہ دار شہری، وزیراعظم عمران خان بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایک شخص سے ملاقات ہوئی جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، بطور ذمہ دار شہری مجھے یہ جان کر خوشی ہے کہ ہمارے مشورے اور اپنی رضامندی کیساتھ وزیراعظم اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں گے۔

تاہم بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ بارے معاون خصوصی زلفی بخاری اور ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کے متنازع بیانات سامنے آئے تھے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کیلئے سیمپل لیے جانے کا بیان سامنے آیا جبکہ معاون خصوصی زلفی بخاری نے رپورٹ آنے کا دعویٰ کر دیا۔

زلفی بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آ گئی ہے، وزیراعظم کو مجھ سمیت کسی کو بھی مفت مشورے دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

جبکہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ کیلئے سیمپل لے کر اسے لیبارٹری کو ارسال کر دیا ہے۔ ٹیسٹ رپورٹ آنے میں کچھ گھنٹے درکار ہوتے ہیں، جیسے ہی وزیراعظم کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ آئے گی اسے جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈاکٹر کی ہدایت پر آئیسولیشن میں چلے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہیں۔

فیصل ایدھی کا کہنا تھا ڈاکٹرز کے مطابق 10 سے 15 روز کے دوران کورونا کا شکار ہوا، بدھ کو بخار اور سر درد کی شکایت ہوئی، 3 روز تک یہی علامات رہیں، کل ٹیسٹ کرایا تھا، اب بظاہر کوئی علامت موجود نہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آیا، ایک ہفتے تک سیلف آئسیولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے کچھ روز قبل وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈز کے لئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا تھا۔