نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی ڈاکٹرز نے کورونا وائرس کے مریضوں جسم کے مختلف اعضا میں خون کے لوتھڑے بننے جبکہ بعض میں خون کے گاڑھے ہونے کا مشاہدہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ڈائی لیسس کے دوران پلاسٹک کی نالیاں بلڈ کلاٹس سے بند ہوئیں جبکہ وینٹی لیٹرز پر موجود مریضوں کے پھیپھڑوں میں خون کا گزر غیر معمولی حد تک کم ہو گیا۔
امریکی نیورو سرجنز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث برین سٹروک کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ مارچ کے وسط سے اب تک دماغ میں خون کے کلاٹس کے باعث 32 برین سٹروک کیسز سامنے آئے۔
امریکا میں مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹرز نے مشاورت کے بعد اعلاج کا نیا پروٹوکول تشکیل دیا ہے جس کے تحت کورونا کے مریضوں کو خون پتلا کرنے والی دوائیاں دی جائیں گی تاہم تشویشناک مریضوں میں ان دوائیوں کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔