لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی انتخابی مہم اور حکومت سازی میں استعمال ہونے والا جہاز کس کا تھا؟ نیا انکشاف سامنے آگیا۔ عبدالعلیم خان کہتے ہیں یہ جہاز میں نےاور جہانگرین ترین نے مشترکہ طور پر لیز کروایا تھا۔
لاہور نیوز کے مطابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حکومت سازی کے دوران استعمال ہونے والا جہاز میرا اور جہانگیر ترین کا مشترکہ تھا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ حکومت سازی کے لیے جہانگیر ترین کا جہاز استعمال ہوا۔ حکومت سازی کے لئے ارکان اسمبلی کو لانے والا جہاز انتخابی مہم میں عمران خان کے زیر استعمال بھی رہا۔ پارٹی میں جو شامل ہوا میرے یا جہانگیر ترین کی وجہ سے نہیں بلکہ عمران خان کی وجہ سے آیا۔
پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین پارٹی کا حصہ اور قابل احترام ہیں۔ ان سے پارٹی کے لوگوں کی ملاقاتوں پر اعتراض نہیں ہے۔ جہانگیر ترین نے پارٹی کےلیے قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف جہانگیر ترین کی ملز کا فرانزک آڈٹ نہیں ہو رہا۔ عثمان بزدار کا سبسڈی دینے میں کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ انکوائری جاری ہے، سب سامنے آ جائے گا۔ کسی انکوائری کا انچارچ نہیں، نہ کسی تحقیقاتی کمیٹی کا حصہ ہوں۔