حکومت ہر فورم پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کو تیار ہے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 23 April,2020 09:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت ہر فورم پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کو تیار ہے۔ ریاست ماں ہوتی ہے اور ماں اولاد میں فرق نہیں کرتی۔

 

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت غریب اور نادار افراد کی بہتری کے لئے اقدامات کر رہی ہے، حالات کے پیش نظر سعودی عرب اور ترکی جیسا لاک ڈاؤن نہیں کر سکتے۔

میڈیا کیساتھ گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں کورونا کو پھیلنے سے روکنا ہوگا، اس سے بچنے کے لئے قرنطینہ اور آئیسولیشن وارڈز میں اضافہ کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت اور اپوزیشن کا مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان کا مسئلہ ہے۔ ترقی یافتہ ممالک بھی لوگوں کو گھروں میں راشن مہیا نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام آرا ہماری سر آنکھوں پر، حکومت ہر فورم پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کو تیار ہے۔ ریاست ماں ہوتی ہے اور ماں اولاد میں فرق نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی حالات کے باوجود ہم نے ریلیف پیکج دیا ہے، یہ فنڈ غریب عوام پر خرچ ہوگا۔ چینلز کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے فنڈ ریزنگ میں ساتھ دیا۔ حکومت اور میڈیا ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا بھی ایک اہم رول ہے۔ ہم نے عوام کے سامنے جوابدہ ہونا ہے، رمضان کے دوران ایک اور ٹیلی تھون ہوگی۔