ذخیرہ اندوزوں کی نشان دہی کریں، انعام پائیں اور غریبوں کی دعائیں لیں: فردوس عاشق

Last Updated On 21 April,2020 11:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ذخیرہ اندوزی کی نشان دہی کریں اور ضبط شدہ سامان کا 10 فیصد بطور انعام پائیں، ذخیرہ اندوزوں کی تاک میں رہیں، انعام پائیں اور غریبوں کی دعائیں لیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ کرونا وباء سے متاثرہ افراد کیلئے ریلیف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈینینس عوام کو مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی سے بچانے کے وزیراعظم کےعزم کا واضح اظہار ہے، عوام کی مشکلات سے فائدہ اٹھانے والے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آرڈیننس کے ذریعے ذخیرہ اندوزی سے نفع کمانے والوں کو سزا دی جائے گی، ذخیرہ اندوزی پر 3 سال قید اور ضبط شدہ مال کی مالیت کا 50 فیصد جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا یہ اقدام کرونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر عوام کی سہولیات کیلئے کیا گیا ہے، اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔