عوام کے تعاون سے کورونا اور کرپشن پر قابو پائیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

Last Updated On 24 April,2020 03:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ملکی بنیادوں کو کرپشن کے کورونا نے کھوکھلا کیا، کرپشن کا خاتمہ حکومت کا سر فہرست ایجنڈا ہے، عوام کے تعاون سے کورونا اور کرپشن پر قابو پائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا، عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے اور کرپشن کرنے والے عیش کرتے رہے، اپوزیشن جماعتوں کے پاس کورونا سے نمٹنے کا نہیں بلکہ کرپشن بچانے کا ایجنڈا ہے، پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے، وقت ضائع کئے بغیر محکمہ صحت کو فنڈز جاری کیے گئے۔

عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس جیسے قومی مسئلے پر بھی پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہیں، یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے، عوام کی زندگیوں کے مسئلے پر سیاست چمکانے کی کوشش قابل مذمت ہے، خالی بیان بازی کرنے والے عام آدمی کا دکھ درد کیا جانیں، زبانی جمع خرچ سے عوام کا ساتھ دیا جاسکتا ہے نہ عوام آپ کے ساتھ کھڑی ہو سکتی ہے، تحریک انصاف کی قیادت موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا وباء پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہیں۔