لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے اٹھارویں ترمیم کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے رابطے کا اعلان کر دیا ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے لہا ہے کہ اکثریت کے بل بوتے پر ہونے والی ترمیم رد کر دینی چاہیے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اٹھارویں ترمیم پر مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے بیانات دئیے، اکثر نے ترمیم کو بغیر پڑھے ہی اس پر تبصرہ کر دیا۔
لیگی سربراہ کا کہنا تھا کہ اکثریت کے بل بوتے پر بعض ترامیم میں آئندہ آنے والی نسلوں کو ملک کی تاریخ سے بے خبر رکھا گیا ہے۔ ہماری پارٹی صرف پاکستان کے مفاد کے بارے میں سوچتی ہے، خصوصاً تعلیم کے معاملے پر جو ترمیم کی گئی، اس سے طلبہ کو تحریک سے محروم رکھا گیا ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ تمام پارٹی سربراہوں سے بات کروں گا کہ وہ اکثریت کے بل بوتے پر پاس کی ہوئی ترمیم کو رد کریں۔ دنیا کے کسی بھی آئین میں تعلیمی نصاب ایک ہی ہوتا ہے اور وہ وفاق کے پاس ہوتا ہے۔ اختیارات صوبوں کو دے کر تعلیم کا معیار خراب کر دیا گیا، اس طرح ہر صوبہ اپنی مرضی کا نصاب بنائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی اسمبلی کے اندر اور باہر ہر اس ترمیم کی مخالفت کرے گی جو ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں ہوگی۔