ایل اوسی پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب

Last Updated On 29 April,2020 02:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، بھارتی فوج نے 28 اپریل کو عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو بلا اشتعال نشانہ بنایا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں پوری شدت سے جاری ہیں، معاملے پر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے سرحدی اشتعال انگیزیوں پرسخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

عائشہ فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہے، رواں سال بھارتی فوج نے 913 مرتبہ کنٹرول لائن معاہدے کی خلاف ورزی کی، گزشتہ روز بھی بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی آبادی کو گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا۔