کراچی: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن پابندیوں میں مزید نرمی کا فیصلہ کر لیا ہے، کاروباری اور عوامی سرگرمیاں بتدریج کھولی جائیں گی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مشروط اجازت کے ساتھ کاروباری اور عوامی سرگرمیاں بحال کی جائینگی۔ اس کے علاوہ سندھ بھر میں تجارتی مراکز کھولنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ لاک ڈاؤن پابندیوں کے حوالے سے حتمی اعلان کریں گے۔ اس سلسلے میں ان کی کابینہ ارکان، طبی ماہرین، انتظامی افسران اور اعلیٰ حکام سے مشاورت جاری ہے۔ اس میں سندھ میں کاروباری سرگرمیاں عملی طور پر بحال کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی رابطے کرینگے۔ ذرائع کے مطابق قومی اتفاق رائے سے فیصلے کیے جائینگے۔ کاروباری سرگرمیوں کی مرحلہ وار اور محدود اجازت دینا ہوگی۔ سندھ میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔