عرب ممالک میں 21 ہزار پاکستانی نوکری سے محروم ہو گئے: معاون خصوصی اوورسیز

Last Updated On 30 April,2020 03:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ عرب ممالک میں 21 ہزار پاکستانی نوکری سے محروم ہوگئے، ہر ہفتے سات ہزار لوگ واپس آئیں گے تو غصہ اور پریشانی کم ہو گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ کورونا کے باعث فضائی آپریشن معطل ہونے کے بعد بیرونِ ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کی کوششیں تیز ہو رہی ہیں اور جلد ہی ہر ہفتے سات ہزار پاکستانیوں کو واپس وطن لایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد بیرونِ ملک کام کرنے والے جن پاکستانیوں کو رخصت پر بھیج دیا گیا تھا، حالات میں بہتری آنے کے بعد ان کی نوکریوں پر واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان پر خلیجی ممالک کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں کہ وہ اپنے شہریوں کو واپس بلائے۔