27 اپریل سے نادرا کے تمام دفاترکھولنے کا فیصلہ

Last Updated On 25 April,2020 12:10 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ 27 اپریل سے نادرا کے تمام دفاتر کھول د ئیے جائیں گے ، جن کے انگوٹھے کے نشان کا مسئلہ آرہا ہے وہ نادرا دفتر جا کر تصدیق کروائیں، اگر کسی کا شناختی کارڈ زائد المیعاد ہوگیا ہے تب بھی پیسے وصول کئے جاسکتے ہیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی تفصیلات بھی ویب سائٹ سے دیکھی جا سکتی ہیں، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت پہلی دو کیٹیگریز میں 57 لاکھ 50 ہزار مستحق خاندانوں میں 69 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثانیہ نشتر نے کہا کہ پہلی کیٹیگری کے تحت 80 فیصد ادائیگیوں کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسری کیٹیگری کے تحت کام تیزی سے جاری ہے، 3 کروڑ 50 لاکھ درخواستیں مسترد کی گئیں جبکہ 89000 کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈر کی شناخت نہیں ہوسکی۔

اس موقع پر ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ سندھ حکومت احساس پروگرام پر سیاست کر رہی ہے۔