اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاور ڈویژن نے فیصلہ کیا ہے کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیاں ماہ رمضان میں سحری، افطاری اور تراویح کے دوران تمام صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھیں گی، یہ فیصلہ سیکرٹری پاور عرفان علی کی سربراہی میں گزشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا، جس میں تمام پاور کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسروں سمیت ایم ڈی، این ٹی ڈی سی، جنرل منیجر، این پی سی سی، ایم ڈی پیپکو کے علاوہ پاور ڈویژن کے اعلیٰ افسروں نے ویڈیو کانفرس کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صنعتی صارفین جو کہ حکومتی پالیسی کے تحت کورونا وائرس کے باوجود آپریٹ کر رہے ہیں ان کو بھی بلاتعطل بجلی فراہمی جاری رہے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیاں، پیپکو اور پاور ڈویژن کے تمام کنٹرول روم عوامی شکایات کو جلد سے جلد ازالہ یقینی بنائیں گے۔ بغیر شیڈول لوڈشیڈنگ پر بھی سختی سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، تمام کمپنیوں کے پاس ٹرانسفارمز کی فراہمی اور دیگر آلات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔
دریں اثنا چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا تھا لیسکو نے پاور ڈویژن کی ہدایات پر رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں، سحر و افطار اور تراویح کے دوران تمام گھریلو صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، کیٹیگری 1، 2 اور 3 پر دن کے باقی اوقات میں بھی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جائے گی۔ زیادہ نقصانات والے ان فیڈرز کی کیٹیگری 4 اور 5 پر کی جانیوالی لوڈ مینجمنٹ کا مجموعی دورانیہ بھی بالترتیب تین اور پانچ گھنٹے سے زائد نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا لیسکو ہیڈ کوارٹرز میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے جہاں چیف ایگزیکٹو کیساتھ ساتھ شعبہ آپریشن، پاور ڈسٹری بیوشن کنٹرول سنٹر اور پبلک ریلیشنزڈیپارٹمنٹ 24 گھنٹے فعال انداز میں کام کرینگے اور بجلی کی طلب، رسد، شکایات کا جائزہ اور ان شکایات کے فی الفور ازالے کو ممکن بنایا جائے گا۔ مختلف ڈویژنز اور سب ڈویثرنز میں اضافی ٹرانسفارمر ز کی ٹرالیوں کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔