عمران خان حکمران آپ ہیں تو حکمران اشرافیہ کون ہیں جنہوں نے لاک ڈاؤن کیا؟ مریم اورنگزیب

Last Updated On 01 May,2020 05:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی دماغی حالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ ملک وقوم جب تک کورونا وبا سے لڑ رہے ہیں نہ بولیں تو بہتر ہوگا۔ خاں صاحب حکمران تو آپ ہیں تو حکمران اشرافیہ کون ہیں، جنہوں نے لاک ڈاؤن کیا۔ وزیراعظم کے طورپر اپنے ہی فیصلوں کے خلاف ٹی وی پر اعلان مذمت پریشان کن ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب حکمران تو آپ ہیں تو یہ حکمران اشرافیہ کون ہیں جنہوں نے لاک ڈاؤن کیا ؟ ‏‎عمران صاحب کا وزیراعظم کے طور پر اپنے ہی فیصلوں کے خلاف ٹی وی پر اعلان مذمت پریشان کن ہے۔ملک وقوم جب تک کورونا وبا سے لڑ رہے ہیں، نہ بولیں تو بہتر ہوگا۔‏‎

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دماغی کنفیوژن دور کرنے کے لئے فی الفور ڈاکٹرز سے رابطہ کرنا چاہئے۔ ‏‎آپ کی ذہنی حالت کیا ہے، ملک اور قوم کی حالت دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ‏‎عمران صاحب کا ذہنی خلفشار ملک وقوم کے لئے خطرناک پیغام ہے۔‏‎

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کے کنفیوژن نے ملک کو کنفیوز کر رکھا ہے۔ وزیراعظم کے دماغی خلل کا ناقابل تلافی نقصان ملک اورقوم کو ہورہا ہے۔ ‏‎عمران کی ذہنی حالت ملک میں خدانخواستہ کسی بڑے حادثے کی پیشگوئی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے کنفیوژن سے ہر طبقہ کنفیوژن کا شکار ہے۔‏‎انکے دماغ کا کنفیوژن خدانخواستہ ملک کے لئے نقصان دہ، افراتفری اور انتشار کا باعث بن سکتا ہے۔‏‎ خان صاحب واضح کریں کہ لاک ڈاون کا فیصلہ انہوں نے نہیں کیا تو پھر کس نے کیا؟ وہ نہیں تو پھر فیصلے کون کررہا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ آج تک لاک ڈاؤن کے ساتھ کوئی بھی مضبوط اور مربوط معاشی اور ریلیف کی حکمتِ عملی نہیں بنا سکے۔ آپ آج تک مزدور ، دیہاڑی دار، اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں۔عمران صاحب آپ آج تک ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم نہیں کر سکے۔