سندھ حکومت کے بروقت اقدامات سے پاکستان ووہان، اٹلی، نیویارک بننے سے بچ گیا: بلاول

Last Updated On 02 May,2020 10:41 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے بر وقت اقدامات کی وجہ سے پاکستان ووہان، اٹلی اور نیو یارک بننے سے بچ گیا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا، اجلاس کا انعقاد ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا، اجلاس میں مولا بخش چانڈیو، نفیسہ شاہ، چودھری منور انجم، پلوشہ خان اور قمرزمان کائرہ نے شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے بروقت اقدامات سے پاکستان ووہان، اٹلی اور نیویارک بننے سے بچ گیا۔ ہم صرف ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائن پر کام کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کام نہیں کرنا چاہتے تو استعفیٰ دیکر کسی اور کو موقع دیں: بلاول بھٹو

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت ہماری خدمت کے جذبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش جارہی ہے، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے لوگوں کے لئے موجودہ حکومت نے اب تک کچھ نہیں کیا۔

چیئر مین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے اقدامات کی پیروی کرکے دیگر صوبوں کوبھی صورت حال کو کنٹرول کرنے کا موقع ملا۔ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اس کے لئے کوئی بھی قربانی دینے کیلے تیار ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کوئی سہولت نہیں دی، وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام صوبوں کی مدد کرے۔ 

Advertisement