اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی ہوگی، ہر شعبے کیلئے حفاظتی اقدامات پر مبنی ایس او پیز تیار کرلئے، اختلافات بھلا کر قوم کی خدمت وقت کا اہم تقاضا ہے، ہر طبقے کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب میں کہنا تھا عوامی نمائندوں کیلئے عوام کی خدمت کا بہترین موقع ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہیں، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر قیمتوں پر نظر رکھیں، ارکان اسمبلی کورونا سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں کو متحرک کریں، حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیلئے انتظامیہ سے مل کر کام کریں۔
عمران خان نے کہا کہ ارکان اسمبلی حلقوں میں اپنی ٹیمیں بنا کر مستحق افراد تک پہنچیں، حکومت ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے، ارکان اسمبلی مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں کردار ادا کریں، موجودہ صورتحال میں ایک ٹیم بن کر کام کرنا ہوگا، مجھے معلوم ہے ہر کوئی اپنی استعداد میں کام کر رہا ہے، اتحاد اور ڈسپلن کے ساتھ کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے۔