اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی اور کورونا کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پارلیمان کا اجلاس بلانے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے سارے وسائل استعمال کر رہے ہیں، سب سے بڑا چیلنج عام آدمی تک فوری ریلیف پہنچانا تھا، خوشی ہے کہ معاشی ٹیم نے بروقت ہنگامی ایکشن پلان ترتیب دیا۔
مشیر پارلیمانی اموربابر اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تدبر کا مظاہرہ کیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب دوست ریلیف پیکجز دئیے گئے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوامی منشور نہیں صرف الزام کی سیاست کی جا رہی ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے معاملہ پر این ڈی ایم اے اور این سی او سی سے رابطے میں ہیں، حفاظتی انتظامات تسلی بخش ہوئے تو قانون سازی کا عمل بلا تاخیر شروع کردیا جائے گا۔