اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپنے کینیڈین ہم منصب جسٹن ٹروڈو کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ کرکے کورونا وائرس کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم امور پر تبادلہ خیالات کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے دوران گفتگو کورونا وبا سے ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ اس آفت سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس کیساتھ دوہرے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ ہمارے لیے وبائی مرض پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ انسانی زندگیوں کو بچانا ترجیح جبکہ کورونا صورتحال میں معیشت کو بھی سنبھالنا بہت ضرروی ہے۔
وزیراعظم نے قرضوں میں ریلیف کے اقدامات پر پاکستان کی حمایت کرنے پر جسٹن ٹروڈو سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ کینیڈا قرضوں سے نجات کیلئے عالمی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک سے ہم وطنوں کی واپسی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فراہم کی گئی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیڈین ہم منصب کو مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم سے بھی آگاہ کیا جبکہ بھارت میں مسلم کمیونٹی کے ساتھ ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔