لاہور: (دنیا نیوز) نادرا دفاتر میں تیسرے روز بھی سائلین کی بائیو میٹرک تصدیق اور نیو رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، کہیں انتظامات میں بہتری تو کہیں حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کر دیا گیا۔
احساس کفالت پروگرام کے تحت بائیومیٹرک تصدیق اور نیو رجسٹریشن کے لئے نادرا میگا سنٹر میں تیسرے روز بھی سائلین کی بڑی تعداد پہنچی، میگا سنٹر کے باہر سڑک کو بیریئرز لگا کر ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ سائلین کے بیٹھنے کے لئے قناتیں لگا کر کرسیاں لگا دیں۔
نادرا میگا سنٹر کے اندر 500 اور باہر 300 کرسیاں لگائی گئیں مگر کرسیاں لگاتے وقت سماجی فاصلے کو نظر انداز کر دیا گیا۔ سائلین کے بیٹھنے کے دوران سماجی فاصلہ نہ ہونے پر کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
سائلین کا کہنا تھا کہ کئی دنوں سے دھکے کھا رہے ہیں، کبھی نادرا سنٹر تو کبھی کفالت سنٹر جانے پر مجبور ہیں۔ کچھ سائلین ٹوکن کے انتظار کا شکوہ کرتے دکھائی دئیے۔