اسلام آباد: (دنیا نیوز) احساس فریم ورک کے تحت بی آئی ایس پی بورڈ کے 50ویں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ بورڈ نے تمام خواجہ سراؤں کو احساس کفالت پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
سرکاری میڈیا اے پی پی کے مطابق قومی شناختی کارڈ کے حامل خواجہ سراؤں کو احساس کفالت کے دائرے میں لایا جائیگا۔ پروگرام کے تحت 2000 روپے ماہانہ وظیفہ کیساتھ بچت بینک اکاؤنٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
عموماً خواجہ سرا ایک علیحدہ کمیونٹی کے طور پر زندگی بسر کرتے ہیں۔ ایک گھرانے کے تمام خواجہ سراؤں کو کفالت پروگرام کیلئے مستحق قرار دیا جائے گا۔
تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن کے مطابق بورڈ نے ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں ون ونڈو احساس سینٹر کے 154 ضلعی سطح کے احساس مراکز کے قیام کی منظوری بھی دی۔ اس سے مستحقین کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام خدمات تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس پر فوری طور پر کام شروع ہوگا۔
اس ضمن میں پہلے ون ونڈو احساس سینٹر کا افتتاح وزیراعظم نے 9 جون 2021ء کو وفاقی دارالحکومت میں کیا تھا تاکہ ایک ہی چھت کے نیچے احساس سے متعلق تمام خدمات کی فراہمی کوممکن بنایا جاسکے۔
بورڈ نے احساس کے تعلیمی وظائف میں سکینڈری اور ہائری سکینڈری سطح تک توسیع کی توثیق بھی کی ہے۔ نئی مشروط مالی معاونت پروگرام کا مقصد غریب خاندانوں کو اپنے بچوں کوپرائمری تعلیم سے لے کر ہائیر سکینڈری سطح تک تعلیم دلوانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ یہ پروگرام آئندہ ماہ سے ملک کے تمام اضلاع میں شروع ہوگا۔
بچیوں کی سکینڈری اور ہائیرسکینڈری تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کیلئے احساس لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کو زیادہ وظیفہ کی رقم پیش کرتا ہے۔ لڑکیوں کیلئے 4000 روپے جبکہ لڑکوں کیلئے 3500 روپے فی سہ ماہی وظیفہ ہے۔
پروگرام کے ڈیزائن کے تحت اندراج شدہ بچوں کی ماؤں کو بائیو میٹرک تصدیق کی بنیاد پر تمام ادائیگیاں کی جائیں گی۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کورونا وائرس صورتحال کے بعد احساس حکمت عملی کے مطابق سکینڈری اور ہائیر ایجوکیشن وظائف کم آمدنی والے گھرانوں کو اس اس قابل بنائیں گے کہ وہ اپنے بچوں کو بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کروا سکیں گے۔
بورڈ نے احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کیساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دی۔
بورڈ نے فنانس کمیٹی کی سفارش پر بجٹ 2021-22ء کی منظوری بھی دی۔ آپریشنز سے متعلق بہت سے دیگر فیصلے بھی لئے گئے۔