اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ غریب عوام کو بجلی، گیس، یوٹیلٹی سٹورز اور دیگر سبسڈیز کی فراہمی کے لیے احساس کیش پروگرام کے ڈیٹا بیس سے استفادہ کیا جائے۔
تفصیل کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت معاشی تھنک ٹینک کا اجلاس ہوا جس میں حماد اظہر، شبلی فراز، عمر ایوب، عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ندیم بابر سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں بجلی، گیس، فرٹیلائزرز، یوٹیلٹی سٹورز، ایکسپورٹس، ہاؤسنگ، احساس پروگرام، این ایچ اے اور دیگر سرکاری اداروں کے بجٹ اور سبسڈیز پر بھی زیر غور آئے۔
وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ سبسڈی فراہمی کا مقصد غریب اور مستحق افراد ریلیف دینا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سبسڈی کے پورے نظام کا بغور جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ یقینی بنایا جائے کہ سبسڈی کی رقم مکمل طور پر شفاف طریقے استعمال ہو۔ سبسڈی سے ضرورت مندوں کو میسر آئے بلکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہوں۔
وزیراعظم نے عبدالحفیظ شیخ کو ہدایت کی کہ سبسڈیز کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی سیل بنایا جائے جبکہ مزید بہتری اور اس کی افادیت بڑھانے کے لئے جامع سفارشات پیش کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا صورتحال میں احساس پروگرام کے تحت غریبوں کو کیش منتقلی کی افادیت قابل تحسین ہے۔ غریب عوام کو بجلی، گیس، یوٹیلٹی سٹورز اور دیگر سبسڈیز کی فراہمی کے لیے احساس کیش پروگرام کے ڈیٹا بیس سے استفادہ کیا جائے۔