لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی احتیاطی تدابیر پر عمل سے مشروط ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی ڈبلیو ایچ او کے مجوزہ ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا پنجاب میں کرونا کیسز سے اموات دوسرے صوبوں سے کم ہیں، ایکسپورٹ سے متعلق کم رش والے کاروباروں کے لیے لاک ڈاؤن میں نرمی زیرِ غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ایس او پیز پر پابندی یقینی بنانا عوام اور تاجروں کی ذمہ داری ہو گی، بزدار حکومت کا بنیادی ایجنڈا عوام کی مشکلات میں کمی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کرونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی کاروبار کو شدید نقصان پہنچا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد تمام صوبے صحت، تعلیم، صنعت و تجارت سے متعلق پالیسیاں بنانے میں آزاد ہیں۔