اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے مزار قائد کے گرد چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لے لیا۔ ٹائروں کے جعلی کاروبار کے ذریعے عوام کو لوٹنے والے گرفتار ملزم عاطف زمان کے کیس سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی۔
نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار کے سامنے چائنہ کٹنگ، کاسمو پولیٹن سوسائٹی کی غیر قانونی تعمیرات اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی افسران کے اختیارات کے ناجائز استعمال پر مکمل رپورٹ دی جائے۔
ٹائروں کا جعلی کاروبار کرنے والے ملزم عاطف زمان کیخلاف بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کے بعد چیئرمین نیب نے تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
گرفتار ملزم عاطف زمان نے فراڈ کے بعد نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن مرید عباس کو بھی قتل کر دیا تھا۔ ادھر چیئرمین نیب نے خالد مرزا کے خلاف جاری تحقیقات پر بھی نیب راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
خالد مرزا پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین پالیسی بورڈ ایس ای سی پی کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔