لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا، آئے روز ہلاکتیں اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 32674 جبکہ ہلاکتیں 724 ہو چکی ہیں۔
اب تک ملک بھر میں 305851 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10957 لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا، ان میں سے 593 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ 18 اموات رپورٹ ہوئیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 8555 افراد کورونا مرض سے مکمل صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ صوبہ سندھ کی صورتحال سب سے خطرناک ہے جہاں کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔
صوبہ پنجاب میں اس وقت 11869 افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں 12610، اسلام آباد میں 716، صوبہ بلوچستان میں 2061، خیبر پختونخوا میں 4875، آزاد کشمیر میں 86 جبکہ گلگت بلتستان کے 457 کنفرم کیس ہیں۔
اموات کے لحاظ سے صوبہ خیبر پختونخوا کی صورتحال سب سے زیادہ کشیدہ ہے جہاں 257 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ صوبہ سندھ میں 2018، صوبہ پنجاب میں 211، اسلام آباد میں 6، صوبہ بلوچستان میں 27 اور گلگت بلتستان میں اب تک 4 ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔
اس موذی سے صحتیاب ہونے والوں میں آزاد کشمیر کے 64، بلوچستان کے 242، گگت بلتستان کے 320، اسلام آباد کے 72، خیبر پختونخوا کے 1256، صوبہ پنجاب کے 4452 اور صوبہ سندھ کے 2149 شہری شامل ہیں۔