اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے کے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کے فیصلہ پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹرانسپورٹ اور ٹرین کھولنے کا بھی عندیہ دے دیا تاہم حتمی فیصلہ صوبوں سے اتفاق رائے کے بعد کیا جائے گا.
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں پہلے دن سے ہی لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں تھا، اب وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید نرمی لائیں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں سے اتفاق رائے کے بعد جلد ٹرانسپورٹ اور ٹرینوں کی آمدورفت کھولیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں کو ایس او پیز کی پابندی اور احتیاطی تدابیر کی ترغیب دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے اشتہاری مہم کے لئے فنڈز مانگتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت اربوں روپے کی رقوم تقسیم ہوئیں، مگر تشہیر نہیں ہوئی۔
عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ اچھے کام کو مشتہر کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو اشتہارات کے لئے فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔