اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے۔
تفصیل کے مطابق نیب کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں چیئرمین جاوید اقبال نے افسران سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کی روک تھام کیلئے نیب افسران کرپشن فری پاکستان پالیسی پر قومی فرض سمجھ کر عمل کر رہے ہیں۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ نیب کی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم ہونے سے انکوائری اور انویسٹی گیشن کے معیار میں بہتری آئی ہے۔ احتساب عدالتوں میں نیب کے مقدمات میں سزا کی شرح 70 فیصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے۔ قائداعظمؒ نے آئین ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں بدعنوانی اور اقرباء پروری کو بڑی برائیاں قرار دیا۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ کرپشن حقیقت میں زہر ہے، ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ نیب افسران کی محنت، حوصلے، شفافیت اور میرٹ کو معتبر قومی اور بین الاقوامی ادارے سراہ رہے ہیں۔
انہوں نے نیب افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو دگنا کریں۔