لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پیر سے شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا، ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کے بعد مالز کھولنے کی منظوری دی گئی ہے۔ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔
حکومت پنجاب کا لاک ڈاون میں مزید نرمی کا اقدام، وزیر اعلیٰ پنجاب نے شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آٹو موبائل انڈسٹری کے پیداواری یونٹس کو بھی کاروباری سرگرمیوں کی اجازت پیر سے دی جائے گی۔
وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے متعلقہ شعبوں کے ساتھ ایس او پیز کو حتمی شکل دیدی ہے جبکہ شاپنگ مالز کے اوقات کار کا بھی تعین کردیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ شاپنگ مالز میں ایس او پیز کا سختی سے نفاذ ہو گا۔ تھرمل گن سے چیکنگ، ہینڈ سینٹی ٹائزز، ماسک کا استعمال یقینی بنایاجائے گا۔ حکومت پنجاب نے آٹو موبائل انڈسٹر ی پیداواری یونٹس کو ہفتے میں سات دن کام کی اجازت دی ہے، شو رومز کو ہفتے میں چار دن کام کی اجازت ہوگی۔
دریں اثنا وزیراعلی پنجاب نے پبلک ٹرانسپورٹ بحال کے لئے ایس او پیز پلان مانگ لیا، ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کے لئے آج ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس کے بعد پنجاب حکومت ایس او پیز اور اپنے اقدامات سے وفاقی حکومت کو آگاہ کر دے گی۔