پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے عوامی سہولت کی خاطر پیر سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا۔ کمشنرز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ٹراسپورٹز کے ساتھ مل کر ایس او پیز تشکیل دیں گے۔
اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ تیل کی نئی قیمتوں کے مطابق نظر ثانی کرایہ وصول کیا جائے گا۔ کمشنر حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے ڈویژن کے اندر انفرادی روٹ کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ضلع کے اندرون یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے روٹ کا فیصلہ بھی کمشنرز کریں گے۔ ایسے روٹ جو مختلف ڈویژنوں کی حدود میں ہوں، ان کے کھولنے کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ وفاق سے مشاورت سے کیا ہے۔ اس کے علاوہ پٹرول پمپ چوبیس گھنٹے کھلے رہ سکیں گے جبکہ حجام کی دکانیں ایس او پیز کے ساتھ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو 4 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔