لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عید کے بعد نیب جھاڑو پھیر دے گا، اپوزیشن اور حکومتی دونوں طرف سے گرفتاریاں ہوں گی، پوری دنیا میں ٹرینیں چل رہی ہیں، پاکستان میں الٹ ہو رہا ہے، لوگوں نے عید تک 24 کروڑ کی ٹکٹیں خرید لی ہیں۔
شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا شہباز شریف اپنا سوفٹ ویئر بدلے تو ہی بچ سکتا ہے، لاک ڈاؤن شہباز شریف کیلئے لاک اپ کا پروگرام ہے، عمران خان کی کوئی اپوزیشن نہیں، میں انہیں اپوزیشن نہیں سمجھتا، میں ایک بیان دوں تو جواب میں ایک بیان آئے گا یہ اپوزیشن ہے، اپوزیشن میڈیا میڈیا کھیل رہی ہے، صرف بیان جاری کر دیتی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا نیب کے قانون میں ترمیم کرنے سے پیغام جائے گا کہ ہم خوف زدہ ہیں، نیب قانون میں ترمیم پر سپورٹ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا جہاز اور بسوں کو اجازت دی گئی، ریلوے چلانے کی اجازت نہیں ملی، دنیا بھر میں ریلوے سسٹم بحال ہے، پیر تک ٹرینیں چلانے کی اجازت دے دی جائی، نہیں تو رش کنٹرول نہیں ہوگا۔