لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرز محمد عثمان ڈار نے ملاقات کی، وزیراعلی کہتے ہیں کہ پنجاب ٹائیگر فورس کے حوالے سے لیڈ لے گا۔ عثمان ڈار کہتے ہیں کہ پنجاب میں سات لاکھ نوجوان ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
ایوان وزیراعلی میں ہونے والی ملاقات میں عثمان ڈار نے وزیراعلی عثمان بزدار کو پنجاب میں ٹائیگر فورس کے بارے میں بریفنگ دی، بریفنگ میں وزیراعلی کو بتایا گیا کہ ٹائیگر فورس کے 64 ہزار نوجوانوں کو مختلف ذمہ داریاں تفویض کی جا چکی ہیں، پنجاب میں سات لاکھ نوجوان ٹائیگر فورس کے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں-
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کاملاقات میں کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کے نوجوان عوام کی خدمت کیلئے وزیراعظم عمران خان کے رضا کار ہیں۔ ٹائیگر فورس کے نوجوان بڑھ چڑھ کر عوامی خدمت کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں- ٹائیگر فورس کے نوجوان خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں- یہ نوجوان متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کی نئی مثال قائم کریں گے- صوبائی وزیر محمد اخلاق، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔