اسلام آباد: (ایس ایم زمان) حکومت نے کورونا کی صورتحال کے باوجود گزشتہ ڈھائی ماہ میں چار وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت کو تبدیل کر دیا، 5 مارچ کو ڈاکٹر اللہ بخش ملک کو ریٹائرمنٹ سے چار ماہ قبل تبدیل کیا گیا اور ان کی جگہ گریڈ 21 کے افسر سید توقیر شاہ کو انچارج وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت تعینات کیا گیا۔
ایک ہفتے بعد 11 مارچ کو سید توقیر شاہ کو تبدیل کر کے گریڈ 21 کے افسر تنویر قریشی کو انچارج وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت تعینات کیا گیا، 2 ماہ 7 دن بعد گزشتہ روز تنویر قریشی کو تبدیل کرنے اور گریڈ 22 کے افسر عامر اشرف خواجہ کو وفاقی وزارت سیکرٹری قومی صحت تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ گریڈ 22 کے عامر اشرف خواجہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تھے۔
دوسری طرف سپریم کورٹ نے تبدیل کئے جانے والے وفاقی سیکرٹری قومی صحت تنویر قریشی کو کورونا مقدمہ میں آج پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت تنویر قریشی کو عہدے کا چارج نہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے جس پر وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت تنویر قریشی نے تبادلے کے احکامات پر چارج نہیں چھوڑا۔
مزید براں طارق الہدیٰ شاہ ممبر کسٹمز آپریشن ایف بی آر تعینات کر دیئے گئے۔ ادھر وفاقی تحقیقاتی ادارے کے 13 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے تقرر و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایسٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 کے افسر غازی خان کو انٹر پول ٹرانسفر کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر شوکت نواز، ضیا اللہ حسن، ندیم اختر کو نارتھ زون رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ گریڈ سترہ کے افسر ذوالفقار احمد، محمد شعیب کی خدمات ساؤتھ زون کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ ایک افسر کو سکیورٹی اور ایک افسر کو اے ڈی کوآرڈینیٹر اینڈ تعینات کر دیا گیا۔