راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکیال سیکٹر پر شہری آبادی کو اپنی بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا، فائرنگ میں زخمی ہونے والے شہریوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارت فوج نے نکیال سیکٹر پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں تین شہری شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ دنوں بھی بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر معصوم شہری آبادی کو اپنی بلا اشتعال فائرنگ سے نشانہ بنایا تھا۔
بھارتی فوج کی جانب سے کھوئی رتہ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی فوج کی خودکار ہتھیاروں کی فائرنگ سے گاؤں ججوٹ میں معصوم شہری شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی شہری کو قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد پاکستان نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا تھا کہ 17 مئی کو کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ سے شہری زخمی ہوا، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 37 سالہ محمد شفیع بھی زخمی ہوا، رواں سال بھارت اب تک جنگ بندی کی 1081 بار خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا بھارتی فورسز مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارتی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت اقوام متحدہ، سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔