پاکستان نے لانچنگ پیڈز قائم کرنے اور دراندازی کی کوششوں کے بھارتی الزامات مسترد کر دیئے

Last Updated On 02 May,2020 11:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نام نہاد لانچنگ پیڈز قائم کرنے اور دراندازی کی کوششوں کے بھارتی الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پر نام نہاد لانچنگ پیڈز قائم کرنے اور دراندازی کی کوششوں کے بھارتی الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں، الزامات پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا کا حصہ ہیں، پاکستان ایسے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فوج کی ایک مرتبہ پھر ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہے اور پاکستان پر الزامات لگا کر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے،

ان کا مزید کہ بھارت ان الزامات کی آڑ میں فالس فلیگ آپریشن اور ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے، بھارتی جھوٹ بے نقاب کرنے کے لیے پاکستان نے صحافیوں انسانی حقوق کی تنظیموں اور آزاد مبصرین کو ایل او سی کا دورہ بھی کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کو باضابطہ طور پر پیش کش کی ہے کہ وہ مبینہ  لانچنگ پیڈ  کی معلومات حاصل کرنے کے لیے بھارت سے رجوع کرے اور نئی دہلی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات اقوام متحدہ اپنے فوجی مبصرین کے ساتھ شیئر کرے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین پاکستان کے ساتھ بھارت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی تفصیلات شیئر کیے بغیر بھارتی دعوؤں کی توثیق کے لیے کسی بھی علاقے کا دورہ کرنا چاہیں تو پاکستان اس کا خیر مقدم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا عالمی سطح پر کورونا کے وبائی مرض کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ایسے میں بھارت ذمہ داری کا طرز عمل اختیار کرتے ہوئے زمینی حقائق سے متصادم بیانات اور جارحانہ اقدامات کو ختم کرے گا۔

ترجمان نے امید ظاہر کی کہ بھارت، 2003 کی جنگ بندی کی مفاہمت کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے سے اجتناب کرے گا اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرنے کے لیے بہتر حالات کار فراہم کرے گا جو کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے چند روز قبل بھی ’دراندازی کی کوششوں‘ کے بے بنیاد بھارتی الزامات اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار ’لانچنگ پیڈز‘ کونشانہ بنانے کے من گھڑت دعوؤں کو سختی سے مسترد کیا تھا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بے بنیاد دعوے اور اشتعال انگیز بیانات کو بھی مسترد کرتا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ’ہم دشمن پر غالب آچکے ہیں‘۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت من گھڑت الزامات کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران بھی الزام تراشیوں سے باز نہیں آرہا اور آئے روز پاکستان پر کوئی نہ کوئی بے بنیاد الزامات لگاتا رہتا ہے۔

 

Advertisement