وزیرِاعظم کا مشیروں اور معاونین خصوصی کو اثاثے ظاہر کرنے کا حکم

Last Updated On 21 May,2020 10:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کابینہ میں شامل مشیروں اور معاونین خصوصی کو اثاثے ظاہر کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حکم دیا ہے کہ تمام مشیر اور معاونین خصوصی اپنے اثاثے فوری طور پر کابینہ ڈویژن میں ڈیکلیئر کریں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر منتخب ایڈوائزر بھی اپنے اثاثے ظاہر کریں گے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں کابینہ ارکان نے حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد کی اجازت اور سبسڈی دینے سے متعلق سخت سوالات کیے۔

وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 3 ارب روپے کی سبسڈی کا کوئی جواز نہیں بتایا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے پوچھا جانا چاہیے کہ انہوں نے یہ سبسڈی کیوں دی؟ چینی برآمد ہونے کی وجہ سے بھی ملک میں بحران پیدا ہوا۔ چینی کی برآمد کی اجازت دینے والوں سے کون پوچھے گا؟ انہوں نے کہا کہ غیر منتخب کابینہ ارکان سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی جائیں۔

اس موقع پر فواد چودھری نے کہا کہ شفافیت اور احتساب تحریک انصاف کا منشور ہے۔ غیر منتخب ارکان کابینہ کے لیے بھی کوئی رولز ہونے چاہیں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کے مطالبے پر وزیراعظم نے مشیران اور معاونین خصوصی کو اثاثے ظاہر کرنے کی ہدایت کی۔
 

Advertisement