عید کب ہوگی ؟ شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

Last Updated On 23 May,2020 10:56 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

ادھر پشاور کی جامع مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی پوپلزئی نے عید الفطر کل 24 مئی کو منانے کا اعلان کر دیا۔ قبل ازیں مفتی پوپلزئی کی جانب سے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس بلایا گیا تھا۔ اجلاس کے بعد مفتی پوپلزئی نے اعلان کیا کہ انہیں ملک کے کسی حصے سے شوال کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا کل بروز ہفتہ کو 30 رمضان المبارک ہوگا، اور عید الفطر اتوار 24 مئی کو منائی جائے گی۔

ماہرین فلکیات اور موسمیات کی رائے میں آج بروز ہفتہ ملک میں شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، قوی امکان ہے کہ عید الفطر 25 مئی بروز پیر کو ہوگی۔

دوسری جانب آج ہفتے کے روز سعودی عرب میں آخری روزہ ہو گا اور اتوار کو عید الفطر ہو گی۔ ترکی، ملائشیا اور انڈونیشیا میں بھی عید الفطر اتوار کے روز ہونے کا سرکاری اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب، ترکی، ملائشیا اور انڈونیشیا میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس طلب کیے گئے تھے، تاہم ان تینوں ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد حکام نے اعلان کیا کہ عید الفطر 24 مئی بروز اتوار کو ہوگی۔ آج بروز ہفتہ ان تینوں ممالک میں 30 واں روزہ ہو گا۔ آسٹریلیا میں مقیم مسلمان 24 مئی بروز اتوار کو عید الفطر منائیں گے۔
 

Advertisement