لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا، عثمان بزدار کہتے ہیں عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ صوبائی کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامی افسران کو منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسران نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ مصنوعی مہنگامی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔