اسلام آباد: (دنیا نیوز) رمضان المبارک سے ایک روز قبل یوٹیلیٹی سٹورز بند ہو گئے، آل پاکستان ورکرز یونین نے یوٹیلیٹی سٹورز پر کام بند کر دیا۔
لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان کے یوٹیلیٹی سٹورز آج بند رہیں گے۔ یونین کے مرکزی صدر سید عارف شاہ کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے عملے کو کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں، یوٹیلیٹی سٹور کے ملازم ملک الطاف کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے، ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو رمضان المبارک میں بنیادی تنخواہ کے برابر بونس بھی دیا جائے۔
ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے کہا ہے کہ یونین نے سیاست چمکانے کیلئے سٹورز بند کیے، ادارے کو پہلے ہی خسارے کا سامنا ہے، تین برسوں کے بقایا جات دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، اس کے علاوہ ملازمین کے تمام مطالبات پورے کر دئیے۔
عوام کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل یوٹیلیٹی سٹور سے سامان لینے آئے مگر سٹورز بند ہیں، اب سستی اشیاء کہاں سے خریدیں۔ کورونا کے باعث عوام پہلے ہی مشکل معاشی حالات سے گزر رہے ہیں، رہی سہی کسر یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش نے نکال دی ہے۔