وزیراعظم اورترک صدرکا رابطہ،مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں پرگفتگو

Last Updated On 26 May,2020 10:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کو ترک صدر طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا ہے۔ دوران گفتگو دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ترک صدر نے عمران خان سے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کیا اور ترک عوام کی جانب سے مشکل وقت میں ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کے خلاف باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو کورونا کے خلاف اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے طبی آلات کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں مدد دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کی عکاس ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی صورتحال میں قرضوں میں ریلیف پر ترکی کے عالمی کردار، اور معاشی مسائل پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ استحکام کے لیے قرضوں میں ریلیف کے لیے جامع اور قابل عمل منصوبے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے ترک صدر کو کورونا کے تناظر میں بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تخریب کاری سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تخریب کاری کو مسترد کر دیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر طیب اردوان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق بھی بریفنگ دی اور انسانیت سوز سلوک کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیری ڈبل لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: طیب اردوان کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلیفون، عیدالفطر کی مبارکباد

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی ترک صدر نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ یہ یقین دہانی رجب طیب اردوان نے اپنے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کرائی۔

ترک صدر نے ان غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا جن کے پیارے جمعہ کو پی آئی اے کے طیارے کے المناک حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

صدر اردوان نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر ترکی کی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ صدر علوی نے بھی صدر اردوان اور ترکی کے عوام کو عید کی دلی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ کورونا وائرس کی وبا کے موجودہ چیلنج پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔

انہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستانی شہریوں کی نگہداشت اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے آلات بھیجنے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے کراچی میں طیارے کے افسوسناک حادثے کے بعد یکجہتی کا پیغام دینے پر صدر اردوان کی تعریف کی۔ صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے آزمودہ اور بے مثال دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
 

Advertisement