لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں عیدالفطر کی وجہ سے تبدیل ٹائم ٹیبل کو 27 مئی سے پھر تبدیل کر دیا جائے گا۔ مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلیں گے۔
وزیر تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال کے مطابق میڈیکل سٹورز چوبیس گھنٹے کھل سکیں گے، بدھ مورخہ 27 مئی سے سے مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کا وقت بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب وہ دوبارہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک کاروبار کھل سکیں گے۔ خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے عید کی وجہ سے مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ مالز کو رات دس بجے تک کھلے رہنے کی اجازت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاون میں مزید نرمی، حکومت پنجاب نے شاپنگ مالز کھولنے کی منظوری دیدی
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے اجازت کے بعد صوبائی حکومت نے ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کے بعد مالز کھولنے کی منظوری دی ہے۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ شاپنگ مالز میں ایس او پیز کا سختی سے نفاذ ہو گا۔ تھرمل گن سے چیکنگ، ہینڈ سینٹی ٹائزز، ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ حکومت پنجاب نے آٹو موبائل انڈسٹری پیداواری یونٹس کو ہفتے میں سات دن کام کی اجازت دی ہے جبکہ شو رومز کو ہفتے میں چار دن کام کی اجازت ہوگی۔