کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران وفاق کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی جبکہ ٹڈی دل نے فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، اس کے باوجود وفاق کی کوئی پلاننگ نظر نہیں آ رہی۔
تفصیل کے مطابق آصف زرداری اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ نیئر بخاری نے آصف زرداری کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے انھیں بتایا کہ اب پہلے سے طبیعت کافی بہتر ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ شدید مہنگائی کے باعث عوام موجودہ حکومت سے تنگ آ چکی ہے۔ عوام اس موجودہ حکومت سے نجات چاہتی ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران وفاق کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی جبکہ ٹڈی دل نے فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، اس کے باوجود وفاق کی کوئی پلاننگ نظر نہیں آ رہی۔
اب کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے ٹڈی دل کی تباہی سے متعلق خدشات کا اظہار کرتا رہا ہوں۔ اس نے پورے ملک کو لپیٹ میں لے کر فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس جیسے حساس مسئلے کو نظر انداز کرنا قابل مذمت عمل ہے۔