کوئٹہ: (دنیا نیوز) کورونا وائرس پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت بلوچستان نے صوبائی حکومت کو مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو کے نفاذ کی سفارش کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری صحت بلوچستان دوستین خان جمالدینی کے زیر صدارت طبی ماہرین اور ڈاکٹرز کے اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ صحت نے عوامی مشکلات کے مدنظر ہسپتالوں میں محدود سطح پر او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ کیا۔ شعبہ حادثات میں ہر شعبے کے سٹوڈنٹس اور آن کال پروفیسر مریضوں کا معائنہ کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکٹیو سرجری اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے وارڈ میں داخلے پر بدستور پابندی برقرار رہے گی۔ جون کے ابتدائی چار ہفتے صورتحال کا جائزہ لے کر او پی ڈیز کو معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔