لاہور: (روزنامہ دنیا) ایٹمی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر نے نیوکلیئر پاور کو ﷲ کا خاص انعام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا اعزاز ہے کہ دشمن آج تک بھیگی بلی بنا نظر آتا ہے۔ اسے پاکستان پر جارحیت کرتے ہوئے سو مرتبہ سوچنا پڑے گا اور اگر یہ غلطی کرے گا تو اس کی آنے والی نسلوں کو بھی بھگتنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم کے بعد یہ نیوکلیئر پاور کا کرشمہ ہے کہ ہماری بقا اور سلامتی کو کوئی چیلنج درپیش نہیں ہے۔ تاہم ہماری قومی اور سیاسی بدقسمتی رہی کہ جس نے قوم اور ملک کا بھلا کیا، اس سے اچھا نہیں کیا گیا۔ کسی کو اقتدار سے رخصت ہونا پڑا کسی کو گھر تک محدود کیا گیا اور کسی کو پھانسی چڑھا دیا گیا۔
دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا مزا عوام نے چکھ لیا، ان کی زندگیوں میں آسانیاں آنے کے بجائے زندگیاں تلخ ہوتی گئیں اور اب بھی آگے کچھ نظر نہیں آ رہا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکمران خود تجربہ کار نہ ہوں تو وہ اچھے ساتھیوں کا انتخاب کرکے معاملات چلا سکتے ہیں لیکن یہاں آوے کا آوا ہی بگڑا نظر آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان کے باوجود دشمن پاکستان پر حملہ آور ہونے کا سوچتے کانپ اٹھتا ہے۔ ورنہ نریندر مودی بہانہ بنا کر چڑھ دوڑتا۔ آج ملکی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں، مگر ان حکمرانوں اور سیاستدانوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو خطرہ ہے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ وہی آٹا اور چینی چور عمران خان کی حکومت میں بھی دندناتے نظر آ رہے ہیں، کوئی ان پر ہاتھ ڈالنے والا نہیں۔ دوسروں کو چور، ڈاکو قرار دینے والے بھی اس میں بڑی حد تک خود کفیل ہیں۔
دوسری طرف ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ میں یوم تکبیر کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ 28 مئی پاکستانی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے۔ اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا۔ پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے آیا۔ 28 مئی کو پوری دنیا نے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر کا نعرہ سنا۔ یوم تکبیر قوم کی بہادری کی علامت کا دن ہے۔ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔