فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کا اضافہ

Last Updated On 29 May,2020 04:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں 800 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے تین کاروباری روز کے دوران عید الفطر کی چھٹیوں کے باعث صرافہ مارکیٹیں بند رہیں جس کے بعد کاروباری روز کا آغاز گزشتہ روز ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں 400 روپے کا اضافہ دیکھنے کو ملا تھا جس کے بعد فی تولہ سونا 96 ہزار 400 روپے کا ہو گیا تھا۔

رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 800 روپے کا بڑا اضافہ دیکھنے کو ملا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد، کوئٹہ، سکھر، حیدر آباد، راولپنڈی، سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 97200 روپے ہو گئی ہے۔